ممبئی پولیس میں جمیل پرنٹ کی شکایت ۔ نامعلوم افراد کی مشکوک سرگرمیوں پر تشویش۔ فیملی کی حفاظت کا مطالبہ
ممبئی ، 17 جولائی (یو این آئی) ممبئی کے رہائشی محمد جمیل مرچنٹ، جو یونیفائیڈ وقف مینجمنٹ، ایمپاورمنٹ، ایفیشنسی اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ 2025، جسے ‘امید ایکٹ’ بھی کہا جاتا ہے ، کو چیلنج کرنے والے پانچ اہم درخواست گزاروں میں شامل ہیں، نے ایک سنگین نوعیت کی شکایت ممبئی کے مالوانی پولیس اسٹیشن میں درج کرائی ہے ۔ شکایت میں مرچنٹ نے الزام لگایا ہے کہ کچھ نامعلوم افراد ان کی جاسوسی کر رہے ہیں اور ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ ان کی اور ان کے خاندان کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔ جمیل مرچنٹ نے کہا کہ کچھ افراد گزشتہ چند دنوں سے ان کے گھر، دفتر اور نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان افراد کی سرگرمیاں خاص طور پر رات کے وقت زیادہ متحرک ہوتی ہیں، جب وہ ان کے رہائش گاہ کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کرتے ہیں۔ بعض اوقات وہ پوری عمارت کے اطراف چکر کاٹتے ہوئے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث نظر آتے ہیں۔جمیل نے پولیس کو ایک تین صفحات پر مشتمل خط میں اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ انہیں کسی جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جا سکتا ہے یا سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال سے نقصان پہنچایا جا سکتا ہے ۔ مرچنٹ نے واضح کیا کہ وہ اس ساری صورتحال سے خوفزدہ ہیں اور ان مشکوک سرگرمیوں کو ایک منظم سازش قرار دیتے ہیں جو انہیں یا ان کے خاندان کو نقصان پہنچانے کے ارادے سے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے پولیس کو اس امر سے آگاہ کیا کہ مشتبہ افراد ان کی اور ان کے اہل خانہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہیں اور ان سے متعلق معلومات اکٹھی کرتے ہیں، جس سے جان کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔ جمیل نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ نہ صرف مکمل تفتیش کرے بلکہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لے اور جلد از جلد قانونی کارروائی کرے ۔ مالوانی پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر شیلیندر رگھوناتھ ناگرکرنے آج بتایاکہ انھوں نے ابھی تک درخواست نہیں دیکھی ہے ، درخواست دیکھنے کے بعد اس پر مناسب کاروائی کی جائے گی۔
اعظم خان کی درخواست پر آج سماعت ہوگی
پریاگ راج 17جولائی (یواین آئی) رام پور کے مشہور ڈنگر پور کیس سے متعلق ایک معاملے میں اعظم خان نے رام پور ایم پی ایم ایل اے کورٹ کی طرف سے دی گئی دس سال کی سزا کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں فوجداری اپیل دائر کی ہے ۔30مئی 2024 کو رام پور ایم پی ایم ایل اے کورٹ نے اعظم خان کو 10 سال کی سزا سنائی، جس کے بارے میں اعظم خان نے ایم پی ایم ایل اے کورٹ کی طرف سے دی گئی سزا کو الہ آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے ، جس پر الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سمیر جین کی سنگل بنچ آج سماعت کرے گی۔