نئے ویرینٹ سے بچاؤ کیلئے ٹیکہ اندازی واحد حل

   

جاریہ ماہ کے اختتام تک صد فیصد ٹیکہ اندازی کا نشانہ
چیف سکریٹری سومیش کمار کا ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عادل آباد اور محبوب نگر کا دورہ کرکے کورونا ٹیکہ اندازی کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس میں ڈسمبر کے اختتام تک صد فیصد ٹیکہ اندازی کی تکمیل کی ہدایت دی ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے ذریعہ نہ صرف کورونا بلکہ نئے امکانی ویرینٹ سے بچاؤ ممکن ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ڈسمبر کے اختتام تک ہر شہری کو ویکسین کی خوراک دینے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے ٹیکہ اندازی مراکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے آصف آباد ، منچریال ، نرمل اور عادل آباد کے کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے محبوب نگر ضلع میں ناگر کرنول ، گدوال ، ونپرتی اور نارائن پیٹ ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ٹیکہ اندازی کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ضلع کلکٹرس کے علاوہ ضلع پریشد، ضلع کے میڈیکل اینڈ ہیلت عہدیدار ، ٹیکہ اندازی کے انچارج عہدیدار پنچایت راج اور بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ وہ ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کرکے ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے اضلاع میں ٹیکہ اندازی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید تیزی مشورہ دیا۔ ایڈیشنل کلکٹرس اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو متحرک ہونے کی ہدایت دی گئی کیونکہ ملک میں نئے ویرینٹ کا خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ ر