نئے ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے چوکس رہنے مرکز کی ہدایت

   

چیف سکریٹری کو مرکزی ہیلت سکریٹری کا مکتوب، عوام کو حقیقی صورتحال سے باخبر رکھنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے دنیا بھر میں ہلچل پیدا کرنے والے اومیکرون ویرینٹ پر تمام ریاستوں کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزارت صحت سکریٹری نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ ایسے ممالک جہاں اومیکرون وائرس منظر عام پر آیا وہاں سے آرہے مسافرین کے بارے میں سخت اسکریننگ کا اہتمام کیا جائے۔ ایسے مسافرین کا ٹسٹ کرکے ہوم کورنٹائن کی صلاح دی جائے۔ ٹیکہ اندازی مہم میں شدت اور دیگر احتیاطی اقدامات پر توجہ دینے کی ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے۔ مرکز نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کریں۔ مکتوب میں کہا گیا کہ بعض ریاستوں میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹوں میں کمی کی اطلاعات ملی ہیں۔ ریاستوں کو ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور ایسے علاقوں کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایسے علاقے جہاں کورونا کی پازیٹو شرح 5 فیصد سے زائد ہو ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ حکومتوں کو سرکاری سطح پر بہتر علاج اور انفرااسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ مرکز کی جانب سے جاری کردہ فنڈز کو طبی سہولتوں میں اضافہ پر خرچ کیا جائے۔ عوام کو گمراہ کن اور غلط اطلاعات سے بچانے کیلئے ریاستوں کو کہا گیا ہے کہ وہ پریس بریفنگ اور بلیٹن جاری کرتے ہوئے صحیح حالات سے آگاہ کریں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اومیکرون وائرس برطانیہ، جرمنی، اٹلی، بلجیم ، آسٹریلیا، بوسوانا، اسرائیل اور ہانگ کانگ میں منظر عام پر آیا ہے۔ر