سرکاری اداروں کو خانگیانے کے منصوبے کیخلاف مرکزی حکومت پر تنقید ، بودھن میں کانگریس قائدین کا خطاب
بودھن : آج سابقہ وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی 37 ویں یوم وفات کے موقع پر مقامی کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین بودھن شیخ محی الدین پاشاہ گنگا شنکر دامودھر ریڈی ، اے گنگا دھر وشنو ، نوین ، خواجہ فیاض الدین ، غوث الدین اور سرگرم کارکنوں نے قدیم بس اسٹانڈ بودھن کے قریب موجود اندرا گاندھی کے مجسمہ کی گلپوشی کی ۔ اس موقع پر سابقہ ایم پی پی بودھن منڈل گنگا شنکر نے محترمہ اندرا گاندھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آنجہانی اندرا گاندھی نے ملک کی ترقی کے تعلق سے دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے انہوں نے ملک کے تمام بڑے بنکوں کو قومیالیا تھا اور غریبی دور کرنے ، غریبی ہٹاؤ دیش کو بچاؤ جیسا مقبول عام نہ صرف نعرہ دیا تھا بلکہ مستحق غریب خاندانوں تک سرکاری اسکیمات روشناس کی تھی لیکن آج بی جے پی سرکار پھر سے بنکوں کو بڑے خانگی سرمایہ کاروں کے حوالے کرنے کے منصوبے بنارہی ہے ۔ کئی سرکاری اداروں کو خانگی کمپنیوں کے حوالے کردیا گیا جس کے باعث ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے ۔ خطہ غربت سے نچلی سطح پر زندگی بسر کرنے والے نت نئے ٹیکس کی مار کے باعث نیم فاقہ کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔ گنگا شنکر نے کہا عوام کو بڑھی ہوئی مہنگائی کے چنگل سے آزاد کروانے کانگریس کو منظم طور پر تحریک چلانا ناگزیر ہوچکا ہے ۔
