نئے پارلیمنٹ پراجکٹ کی ستائش،کے سی آر کا مودی کے نام مکتوب

,

   

حیدرآباد۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے نئے پارلیمنٹ پراجکٹ کی ستائش کی۔وزیر اعظم نریندر مودی کل سنٹرل ویسٹا پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کے تحت پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ عظیم پراجکٹ کی سنگ بنیاد تقریب میں وہ فخرکے احساس کے ساتھ شامل ہیں۔ انہوں نے پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کی خواہش ظاہر کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات 10 ڈسمبر کو نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی تخمینی لاگت 971 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔ نئی عمارت تمام عصری تقاضوں سے آراستہ ہوگی جہاں سیکورٹی کی انتہائی سہولتیں دستیاب ہوں گی جس کو توڑا نہیں جاسکتا۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت تکونی شکل کی ہوگی جو موجودہ پارلیمنٹ سے متصل ہوگی۔وزیر اعظم کے دفتر کے پریس نوٹ کے مطابق نئی عمارت میں لوک سبھا موجودہ لوک سبھا سے تین گنا بڑی ہوگی جبکہ راجیہ سبھا کی گنجائش بھی زیادہ ہوگی۔نئی عمارت میں ہندوستانی تہذیب اور علاقائی آرکیٹکچر کو بھی نمایاں کیا جائیگا۔