ویٹی کن سٹی۔ 10 مئی (ایجنسیز) : ویٹی کن کے مرکزی گرجا سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی سے جب کارڈینل ڈومینیک مامبرتی نے ’’ہابیماس پاپم‘‘ (ہمارے پاس نیا پوپ ہے) کا اعلان کیا تو مجمع نے خوشی سے نعرے بلند کیے۔ اس کے بعد تجسس پیدا ہوا کہ نیا روحانی پیشوا کون ہوگا۔ یہ اعزاز امریکی کارڈینل رابرٹ پریواسٹ کے حصہ میں آیا جنہوں نے اپنے لیے پوپ لیو چہار دہم کا نام منتخب کیا۔ نئے پوپ کا پہلا قدم ان کا منتخب کردہ نام تھا، جو ان کی سوچ، وڑن اور ترجیحات کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نام ’’مزدور دوست پوپ‘‘ کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈاکٹر ریکس بکارا، جو ماضی میں بینڈک ٹائن راہب کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، کا کہنا ہے کہ چرچ میں نام علامتی پیغام رکھتے ہیں، اور یہ نام واضح پیغام دیتا ہے کہ نیا پوپ سماجی انصاف کا حامی ہوگا۔ پوپ لیو چہار دہم نے یہ نام انیسویں صدی کے پوپ لیو سیز دہم (Leo XIII) سے متاثر ہو کر چنا، جنہوں نے 1891 میں تاریخی مراسلہ رِیرم نووارم جاری کیا، جس میں محنت کشوں کے حقوق، منصفانہ اجرت، اور مزدور یونین بنانے کے حق کو تسلیم کیا گیا تھا۔ اس مراسلے نے کیتھولک چرچ کی سماجی تعلیمات کی بنیاد رکھی، اور پوپ لیو سیز دہم کو ’’محنت کشوں کے پوپ‘‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر بکارا کا کہنا ہے کہ نئے پوپ کا نام ہمیں واضح اشارہ دیتا ہے کہ وہ اپنے پیش رو کی طرح غریبوں، بے دخل افراد اور کمزور طبقات کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
