نوین متل عہدہ کے اہم دعویدار، رام کرشنا راؤ جاریہ ماہ کے اختتام پر سبکدوش ہوں گے
حیدرآباد ۔23 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کو نئے چیف سکریٹری کی تلاش ہے کیونکہ موجودہ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ 31 مارچ کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ رام کرشنا راؤ کے جانشین کے انتخاب کے لئے حکومت نے مساعی شروع کردی ہے اور توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک حکومت اس سلسلہ میں فیصلہ کرتے ہوئے مرکز کو نام کی سفارش کرے گی۔ ریاست میں 10 عہدیدار اسپیشل چیف سکریٹری رتبہ کے موجود ہیں۔ حکومت ان میں سے 3 یا 4 ناموں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کرے گی۔ ایڈمنسٹریشن میں بہتر تجربہ اور کارکردگی رکھنے والے عہدیداروں کے نام شارٹ لسٹ کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ رام کرشنا راؤ گزشتہ سال اگست میں وظیفہ پر سبکدوش ہوئے تھے، تاہم حکومت نے میعاد میں 7 ماہ کی توسیع دی۔ رام کرشنا راؤ کو مزید توسیع دیئے جانے کا امکان نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق بعض آئی اے ایس عہدیداروں کی کارکردگی غیر اطمینان بخش ہے۔ بعض ضلع کلکٹرس کی عدم کارکردگی کے بارے میں وزراء نے چیف منسٹر سے شکایت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے چیف سکریٹری کے انتخاب کے علاوہ حکومت اہم محکمہ جات اور اضلاع کے کلکٹرس میں تبدیلی کرسکتی ہے۔ چیف سکریٹری عہدہ کے دعویداروں میں 1991 بیاچ سے تعلق رکھنے والے اروند کمار شامل ہیں جو جاریہ سال اکتوبر میں وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے۔ اروند کمار کو فارمولہ ای ریس معاملہ میں الزامات کا سامنا ہے ، لہذا ان کے نام پر غور کئے جانے کے امکانات موہوم ہیں۔ 1992 بیاچ سے تعلق رکھنے والے ایک اور اسپیشل چیف سکریٹری رینک کے عہدیدار سنجے جاجو گزشتہ کئی برسوں سے مرکزی حکومت کے ڈپیوٹیشن پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ فی الوقت وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت کام کر رہے ہیں اور ان کی ریاست واپسی کے امکانات کم ہیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری رتبہ کے دیگر عہدیداروں میں 1994 بیاچ کے سبیا ساچی بھوش ، 1995 بیاچ کے سنجے کمار اور بینہر مہیش دت ایکا اور 1996 بیاچ کے نوین متل اور دانا کشور شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نوین متل کی سرویس ابھی 8 سال باقی ہے جبکہ اروند کمار اور دانا کشور جاریہ سال وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے۔ سرکاری ذرائع نے آئندہ چیف سکریٹری کے طور پر نوین متل کے امکانات کو قوی قرار دیا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ سبکدوشی کے بعد رام کرشنا راؤ کو فلاحی اسکیمات کے لئے فنڈس حاصل کرنے کے معاملہ میں حکومت کا مشیر مقرر کیا جائے گا۔1