نئے چیف منسٹر مہاراشٹراکے نام کو قیادت کی منظوری کا انتظار

,

   

بی جے پی لیڈر راؤ صاحب دانوے کا بیان ۔ فڑنویس دوڑ میں سب سے آگے
ممبئی: بی جے پی لیڈر راؤ صاحب دانوے نے آج کہا کہ مہاراشٹرا کے نئے چیف منسٹر کے نام کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور پارٹی کی سینئر قیادت کی طرف سے اس کی تصدیق کا انتظار ہے۔کسی کا نام لیے بغیر سابق مرکزی وزیر دانوے نے کہا کہ مہاراشٹرا کے لوگ جانتے ہیں کہ اگلا چیف منسٹر کون ہوگا۔بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر چندر شیکھر باونکولے نے کل کہا تھا کہ مہاراشٹرا کی نئی مہایوتی حکومت کی حلف برداری تقریب 5 دسمبر کی شام جنوبی ممبئی کے آزاد میدان میں منعقد ہوگی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے۔ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ نئے چیف منسٹر کون ہوں گے لیکن بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیویندر فڑنویس کا نام سب سے آگے ہے۔ فڑنویس دو بار چیف منسٹر رہ چکے ہیں اور کارگذار چیف منسٹر ایکناتھ شندے کی قیادت میں سبکدوش حکومت میں ڈپٹی چیف منسٹر تھے۔شندے جمعہ کو ستارہ ضلع میں اپنے آبائی گاؤں کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ دریں اثنا، قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ وہ ریاست کی نئی حکومت بنانے کی کوششوں سے خوش نہیں ہیں۔ان کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ شندے کو اپنے آبائی گاؤں میں تیز بخار ہوا تھا، لیکن اب ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور وہ اتوار کی شام ممبئی واپس آئیں گے۔ مسٹر دانوے نے ایک علاقائی نیوز چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ سبھی لوگ جانتے ہیں کہ اگلا چیف منسٹر کون ہوگا۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ اس شخص کے نام کی تصدیق ہماری پارٹی کے سینئر لیڈروں سے ہو گی۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ہم نام پر سرکاری مہر (منظوری) کا انتظار کر رہے ہیں۔کابینہ کی تشکیل پر، ڈانوے نے کہاکہ چیف منسٹر کا اختیار تمیزی ہے کہ ریاستی کابینہ میں کس کو شامل کیا جائے۔