نئے ڈیجیٹلائزیشن عمل سے اردو کو جان بوجھ کر مٹایا جا رہا ہے

   

سرینگر19جولائی (یو این آئی) پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی وحید پرہ نے نیشنل کانفرنس قیادت والی جموں وکشمیر حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ زمینوں کی نئی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اردو کو جان بوجھ کرہٹایا جا رہا ہے اور اس کی جگہ انگریزی کو لگایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اردو ایک ایسی زبان ہے جو نسلوں سے ہمارے ریونیو ریکارڈ کا لازمی حصہ رہی ہے ۔موصوف لیڈر نے یہ باتیں ہفتے کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کیں۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس جس میں عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہیں، نے ایک بار پھر جموں وکشمیر میں زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بار یہ عمل صرف انگریزی زبان میں انجام دیا جا رہا ہے جبکہ اردو کو مکمل طور پر خارج کردیا گیا ہے ، جو نسلوں سے ہمارے ریونیو ریکارڈ کا لازمی حصہ رہی ہے ۔ان کا پوسٹ میں سوالیہ انداز میں کہنا تھاکہ اردو جو جموں و کشمیر کی سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے ، کو نیشنل کانفرنس حکومت کی طرف سے ڈیجیٹلائزیشن کی نئی کوششوں سے جان بوجھ کر کیوں مٹایا جا رہا ہے ۔