نئے کمشنر پولیس حیدرآباد نے عہدہ سنبھالا

   

عوام کو بہتر پولیسنگ فراہم کرنے سندیپ شنڈالیہ کا عزم
حیدرآباد : /13 اکٹوبر (سیاست نیوز) مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرر کردہ سینئر آئی پی ایس عہدیدار سندیپ شنڈالیہ نے جمعہ کی شام اپنے نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ہے ۔ 1993ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیدار شنڈالیہ نے سابق میں مارچ 2005 ء تا فبروری 2007 ء بحیثیت ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون خدمات انجام دی تھیں جبکہ نومبر 2012 تا اکٹوبر 2014 ء اڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ ستمبر 2016 ء تا مارچ 2018 ء بحیثیت پولیس کمشنر سائبر آباد کی حیثیت سے خدمات انجام دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے محکمہ انٹلیجنس میں بھی خدمات انجام دی ہیں ۔ نمایاں کارکردگی کیلئے سندیپ شنڈالیہ کو انڈین پولیس میڈل انترک سرکشا سیوا پدک ، پریسیڈنٹ پولیس میڈل اور گیالنٹری میڈل سے بھی نوازا گیا تھا ۔ شنڈالیہ نے آج شام جائزہ حاصل کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انہیں انتہائی خوشی ہے کہ انہیں حیدرآباد جیسے باوقار شہر کا کوتوال مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی محنت اور مشقت سے شہر حیدرآباد کی عوام کو بہتر پولیسنگ فراہم کی جائے ۔ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا سے دی گئی ذمہ داری کو بخوبی نبھانے محنت کریں گے اور عوام کو انصاف پہنچانے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ سندیپ شنڈالیہ نے حیدرآباد کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سٹی پولیس سے تعاون کریں تاکہ انہیں بہتر سے بہتر پولیسنگ فراہم کی جائے ۔