نئے کپتان گل آئندہ چند دنوں میں پلینگ الیون تیار کریں گے

   

لندن ۔6 جون (اے ایف پی ) نئے کپتان شبمن گل کی قیادت میں نوجوان ہندوستانی ٹیم تاریخ رقم کرنے انگلینڈ پہنچ گئی ہے۔ ٹیم انڈیا کا پہلا ٹسٹ 20 جون کو لیڈس کے میدان میں شروع ہوگا۔ اس بار انگلینڈ کے خلاف 5 ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم روہت شرما اور ویرات کوہلی کے بغیر کھیلے گی کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔ ان حالات میں بڑا سوال یہ ہے کہ پلیئنگ الیون میں ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ کون لے گا؟ لیکن کپتان شبمن گل کو یقین ہے کہ وہ اگلے10 دنوں میں وننگ پلیئنگ الیون بنا لیں گے۔دورہ انگلینڈ پر روانگی سے قبل کپتان شبمن گل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ویراٹ اور روہت کی جگہ پر کرنا مشکل ہے لیکن ہم اس کا کوئی دباؤ نہیں لے رہے ہیں۔ ہمیں ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔ گل نے مزید کہا ہے کہ پلیئنگ الیون کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے تاہم جلد ہی ہم وننگ پلیئنگ الیون بنائیں گے۔ ہماری ٹیم میں اچھے بیٹرس موجود ہیں جو کسی بھی مشکل وقت میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ اس بار ٹیم انڈیا 2007 کے بعد پہلی بار ٹسٹ سیریز جیتنے کے ارادے سے انگلینڈ پہنچی ہے۔18 سال میں ٹیم انڈیا نے انگلینڈ میں کوئی ٹسٹ سیریز نہیں جیتی۔ اس کے پیش نظر ہندوستانی ٹیم جلد ہی پریکٹس شروع کرنے جا رہی ہے۔ ٹیم انڈیا اپنا پریکٹس کیمپ 8 جون کو انگلینڈ میں شروع کرے گی۔ جس میں کھلاڑی پریکٹس کریں گے۔ اس سے قبل ٹیم کے کچھ کھلاڑی انگلینڈ لائنز کے خلاف غیر سرکاری میچ کھیل چکے ہیں۔ جبکہ کے ایل راہل کے دوسرے غیر سرکاری میچ میں کھیلنے کی امید ہے۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا 13 مئی کو انڈیا۔ اے کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔ 20 جون کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ سے پہلے یہ پریکٹس میچ ٹیم انڈیا کے لیے کافی کارآمد ثابت ہوگا۔اس سے قبل کھیلے گئے غیر سرکاری مقابلے میں نائر نے ڈبل سنچری اسکور کی تھی جبکہ سرفراز خان نے شاندار 92 رنز اسکور کئے تھے ۔
ہند۔ انگلینڈ ٹسٹ سیریزکا شیڈول
پہلا ٹسٹ: 20-24 جون، لیڈز
دوسرا ٹسٹ: 2-6 جولائی، برمنگھم
تیسرا ٹسٹ: 10-14 جولائی، لارڈز
چوتھا ٹسٹ: 23-27 جولائی، مانچسٹر
پانچواں ٹسٹ: 31 جولائی تا 4 اگست، کیننگٹن اوول