نئے ہندوستان کی تعمیر میں نوجوان اہم کردار ادا کریں:شریپد نائک

   

نئی دہلی،11اگست(یواین آئی)وزیرمملکت برائے دفاع شریپد یسو نائک نے اسکولی بچوں سے ‘نئے ہندوستان’ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے کو کہا ہے جس سے ملک کو نئی اونچائی پر لے جایا جاسکے ۔وزیرمملکت برائے دفاع نے یوم آزادی کی تقریب کی تیاریوں میں لگے بچوں سے آج یہاں ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔پروگرام میں 41سرکاری اسکولوں کے 3500بچے اور 700این سی سی کیڈٹ حصہ لے رہے ہیں۔یہ بچے اس دوران ‘نیا بھارت’ پرفارمنس پیش کریں گے ۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندرمودی سے تحریک لے کر ملک کو آگے بڑھانے کی سمت میں کام کریں۔لال قلعہ پر 15اگست کو ہونے والے وزیراعظم کے خطاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ان کے خطاب میں نوجوانوں کی طاقت کے لئے کہی جانے والی باتوں کو اپنے زندگی میں عمل میں لانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ اور کیڈٹ گزشتہ کچھ دنوں سے خراب موسم کے باوجود یوم آزدی کی تقریب کی تیاریوں میں لگے ہیں اور موسم کے چیلنج کا مقابلہ کررہے ہیں۔انہوں نے سخت محنت کے لئے بچوں کی تعریف کی۔بعدمیں انہوں نے ہر اسکول کے ایک ٹیچر ،ایک طالب علم اور این سی سی کے یونٹ ان چارج کو یادگاری نشان دئے ۔یوم آزادی کی تقریب 15اگست کو لال قلعہ پر منائی جائے گی۔اس دن مسٹر مودی لال قلعہ سے ملک سے خطاب کریں گے ۔