نائب سنگھ سینی دوبارہ چیف منسٹر منتخب ،آج حلف برداری

   

امیت شاہ کی موجودگی میں متفقہ فیصلہ‘ہریانہ میں تشکیل حکومت کی سرگرمیاں تیز
چندی گڑھ : ہریانہ میں بی جے پی نے دوبارہ نائب سنگھ سینی کو اتفاق رائے سے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی کی میٹنگ میں تمام اراکین نے متفقہ طور پر سینی کے حق میں ووٹ دیا۔ 17 اکتوبر کو ریاست میں نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب ہوگی جس کے بعد حکومت کی تشکیل کا باضابطہ عمل شروع کیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران امیت شاہ نے دونوں سینئر لیڈروں، انیل وج اور راؤ اندر جیت سنگھ کو ساتھ رکھنے پر زور دیا تاکہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہ پیدا ہو۔ حالیہ دنوں میں ان دونوں رہنماؤں کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے دعوے سامنے آئے تھے جس کے باعث پارٹی میں اندرونی تناؤ کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔خود انیل وج نے نائب سنگھ سینی کے نام کی تجویز پیش کی جس کے بعد انہیں حمایت مل گئی۔ سابق وزیر داخلہ وج کے ساتھ ساتھ کرشن بیدی نے بھی سینی کے نام کی حمایت کی جس سے ان کے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے کا راستہ ہموار ہو گیا۔اس موقع پر امیت شاہ نے کہا کہ یہ بی جے پی کی پالیسیوں اور وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت کی کامیابی کا نتیجہ ہے، جسے ہریانہ کے عوام نے قبول کیا ہے۔نائب سنگھ سینی نے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں بی جے پی کی پالیسیوں کی کامیابی پر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ یہ ہرِیانہ کے عوام کی مودی حکومت کی پالیسیوں پر مہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی ترقی اور ملک کو 2047 تک ترقی یافتہ بنانے کے مشن پر کام جاری رہے گا۔ہرِیانہ اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں بی جے پی نے 48 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جو اسے حکومت بنانے کیلئے کافی ہے۔
کانگریس نے 37 نشستیں حاصل کیں جبکہ انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل دی) کو 2 اور آزاد امیدواروں کو 3 نشستیں حاصل ہوئیں۔ مشہور صنعت کار ساوتری جندل سمیت تینوں آزاد امیدواروں نے بی جے پی کی حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔