نائب صدارتی امیدوار جسٹس سدرشن ریڈی کی تمام ایم پیز سے اپیل

   

رانچی، 30 اگست (یواین آئی) نائب صدر کے عہدہ کیلئے اپوزیشن کے امیدوار سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس بی سدرشن ریڈی نے کہا ہے کہ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے ، ہم تمام ممبران پارلیمنٹ سے حمایت کی اپیل کرتے ہیں۔ جسٹس ریڈی نے آج جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ گزشتہ 45 برسوں سے آئین کی حفاظت کررہے ہیں لیکن اس وقت ملک میں جو ماحول ہے اس کی وجہ سے انہوں نے نائب صدر کے عہدہ کا امیدوار بننے کے لیے اپنے ضمیر سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ان سے تعاون طلب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا تمہید آئین کی بنیادی روح ہے اور سپریم کورٹ اس کی حفاظت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیمنت سورین کو جھارکھنڈ میں جس طرح سے گرفتار کیا گیا اس کے لیے آئینی ادارے ذمہ دار ہیں، کیونکہ عدالت نے ہیمنت سورین کے خلاف الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ اس کے بعد بھی ہیمنت سورین کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کون کرے گا، یہ ایک سوال ہے ۔ جسٹس ریڈی نے کہا کہ ہندوستان میں لوگ پہلے ووٹر بنے اور بعد میں انہیں شہریت ملی۔ ووٹر لسٹ نظر ثانی ہونی چاہئے ۔ لیکن اس میں جس طرح ووٹرز کو ہٹانے اور جوڑنے کا کام کیا جا رہا ہے ، لوگ اسے دیکھ رہے ہیں۔ جسٹس ریڈی نے کہا کہ انہوں نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے تمام ممبران کو خط لکھا ہے اور تعاون طلب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں وقت ملا تو وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اعلیٰ لیڈروں سے بات کرنے بھی جائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کی 130 ویں ترمیمی بل کو لوک سبھا میں پیش کر دیا گیا ہے ، اب اسے پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کو بھیجا گیا ہے اور وہ اس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی اس پر اپنا ردعمل دیں گے ۔