سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ اسسٹنٹ سکریٹری کے انتخاب پر تہنیتی تقریب سے ای ٹی نرسمہا کا خطاب
حیدرآباد۔7ستمبر(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا تلنگانہ کے اسٹیٹ اسٹنٹ سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے تلنگانہ کے تمام اراکین پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ مجوزہ نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات میں جسٹس سدرشن ریڈی کے حق میںاپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔ انہوں نے کہاکہ آمریت کے خلاف ایک بے باک آواز اور ملک کو بچانے کے لئے جسٹس سدرشن ریڈی کاانتخاب ناگزیر ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہندوستانی آئین اور عدلیہ میںایک وسیع تجربے کی حامل شخصیت جسٹس سدرشن ریڈی نے آئین کی حفاظت او رشہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو نبھایا ہے او رماضی میںجب وہ ایک جج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے آئین کی اجارہ داری اور شہری حقوق پر مشتمل فیصلے سنائے ہیں۔سلوا جوڈم کے متعلق وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیان کو مضحکہ خیزاور افسوس ناک قراردیتے ہوئے ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ آج امیت شاہ جسٹس سدرشن ریڈی کو اربن نکسل کہہ رہے ہیں جبکہ سلوا جوڈم کے خاتمے کے ذریعہ جسٹس سدرشن ریڈی نے خانگی فوج کے رحجان کو ہی ختم کردیاہے۔ ای ٹی نرسمہا نے مزید کہاکہ ملک کے سماجی ‘ سیاسی اور معاشی انصاف کے تحفظ میں سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے جسٹس سدرشن ریڈی نے کلیدی رول ادا کیاہے۔ ای ٹی نرسمہا نے تلنگانہ کی سیاسی جماعتوں سے کہاکہ ایسے شخص کو نائب صدر کے عہدے کے لئے منتخب کریںجو بھر پور صلاحیتوں کے حامل ہیں اور راجیہ سبھا کے اندر او رباہر آئینی عمل کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھنے کے اہل ہیں ۔ جسٹس سدرشن ریڈی کے انتخاب سے ملک کے تمام خود مختار اداروں کو تحفظ ملے گا جو فی الحال خطرے میںہیں۔ریاست کے تمام اراکین پارلیمنٹ اور الکٹورلس سے انہوں نے اپیل کی ہے کہ وہ جسٹس سدرشن ریڈی کے حق میںاپنے ووٹ کا استعمال کریںاور انہیںجیت سے ہمکنار کریں۔ اس موقع پر ای ٹی نرسمہا کو تلنگانہ اسٹیٹ سی پی آئی کے اسٹنٹ سکریٹری منتخب کئے جانے پر پارٹی قائدین اورکارکنوں کی جانب سے تہنیت بھی پیش کی گئی ۔ اسٹیٹ سکریٹریٹ ممبران چھایہ دیوی ‘ حیدرآباد ضلع سکریٹری اسٹالن‘اسٹنٹ سکریٹری کے یادگیری ‘ضلع ایکزیکٹیو ممبران چندرا موہن گوڑ‘پی نالینی‘ سریکانت‘کے سرینواس‘شیخ شمس الدین ‘ ایم وینکٹ سوامی‘محمد سلیم اور دیگر موجود تھے۔