نائب صدرجمہوریہ عہدے کیلئے اپوزیشن کی سرگرمیاں تیز

   

نئی دہلی ۔ 10 اگست (ایجنسیز) انڈیا بلاک نائب صدر جمہوریہ کے الیکشن کیلئے مشترکہ امیدوار میدان میں اتارے گا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اپوزیشن جماعتوں سے ربط پیدا کررہے ہیں تاکہ امیدوار کا انتخاب کیا جائے اور اس پر اتفاقِ رائے کی کوشش کی جائے۔ ذرائع نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بلاک میں یہ قوی احساس پایاجاتا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو یہ الیکشن لڑنے سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے۔نتیجہ جو بھی نکلے مقابلہ ضرور کرنا چاہئے تاکہ ایک مضبوط سیاسی پیام جائے۔ امیدوار کے انتخاب پر باقاعدہ کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے لیکن انڈیا بلاک قائدین میں پس پردہ تبادلہ خیال ہوا ہے۔ کانگریس صدر اتفاقِ رائے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے ربط پیدا کررہے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں کہ انڈیا بلاک کو نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے مشترکہ امیدوار کھڑا کرنا چاہئے۔