’نائب صدرجمہوریہ کا عہدہ سیاسی نہیں آئینی ہے ‘

   

مجھے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے انڈیا الائنس کی تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے: جسٹس بی سدرشن ریڈی

لکھنؤ: 26 اگست (یو این آئی) انڈیا الائنس کے امیدوار جسٹس بی سدرشن ریڈی نے کہا کہ انہیں انڈیا الائنس کی جانب سے امیدوار بنایا گیا ہے اور انہیں اتحاد میں شامل جماعتوں کی حمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر کا عہدہ سیاسی نہیں بلکہ آئینی ہے اور وہ آئینی اقدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جسٹس ریڈی نے منگل کو سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ریاستی دفتر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آئینی سفر 1971 میں بار ایسوسی ایشن سے شروع ہوا تھا اور آج بھی وہ آئینی اقدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا، “میں ملک کو یقین دلاتا ہوں کہ آئینی اقدار کی طرف میرا سفر جاری رہے گا۔ یہ ایک آئینی عہدہ ہے اور اس عہدے کو سرواپلی رادھا کرشنن، ڈاکٹر ذاکر حسین، کے آر نارائن، حامد انصاری نے مزین کیا ہے ۔ جسٹس بی سدرشن ریڈی نے کہا کہ انہوں نے لوہیا اور نیتا جی سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ان پر اعتماد کرکے انہیں امیدوار بنایا ہے ۔ دریں اثنا جب آئینی ترمیم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جے پی سی تشکیل دی گئی ہے ۔ جے پی سی پورے معاملے کا مطالعہ کرے گی اور اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ جب ان سے آئینی اداروں کی اقدار سے انحراف کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس سمت دوبارہ دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ جسٹس بی سدرشن ریڈی کے خطاب سے پہلے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ آج ہم جولڑائی لڑ رہے ہیں اس میں جسٹس سے بہتر کوئی نہیں ہے ۔ بی جے پی نائب صدر کے عہدہ کو ایک نظریے سے جوڑنا چاہتی ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ اگر اراکین پارلیمنٹ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے تو ہم ضرور جیتیں گے ۔ اس موقع پر کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ پرمود تیواری، ریاستی صدر اجے رائے ، آرادھنا مشرامونا، سماج وادی پارٹی کے شیو پال یادو، ریاستی صدر شیام لال یادو بھی موجود رہے ۔ قابل ذکر ہے کہ انڈیا الائنس کے نائب صدر کے امیدوار جسٹس بی سدرشن ریڈی نے منگل کو لکھنؤ پہنچ کر کانگریس اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور ان کی حمایت مانگی۔ سماج وادی پارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرنے کے بعد جسٹس بی نارائن ریڈی ہوٹل تاج کے لیے روانہ ہوگئے ۔ جہاں انہوں نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور ان کی حمایت مانگی۔

جسٹس سدرشن ریڈی کی اراکین پارلیمنٹ سے حمایت کی درخواست
لکھنؤ۔ 26 اگست (یو این آئی) انڈیا اتحاد کی طرف سے نائب صدر کے عہدے کے امیدوار جسٹس بی سدرشن ریڈی انتخاب میں اراکینِ پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے کے لئے منگل کے روز اتر پردیش کانگریس کے صدردفتر پہنچے ۔ کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچنے کے بعد انہوں نے موجود اراکینِ پارلیمنٹ سے نائب صدر کے عہدے کے لئے حمایت کی اپیل کی۔ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پرمود تیواری کے ساتھ کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے ، نائب صدر کے عہدہ کے امیدوار جسٹس بی سدرشن ریڈی نے سب سے پہلے سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے مجسمے پرگلہائے عقیدت پیش کیے ۔ اس کے بعد وہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے مجسمے پر بھی گئے ، جہاں انہوں نے گلپوشی کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد جسٹس بی۔ ریڈی نے کانگریس کے اراکینِ پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے اراکینِ پارلیمنٹ سے حمایت کی درخواست بھی کی، جس پر وہاں موجود اراکینِ پارلیمنٹ نے ان کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے ، کانگریس قانون ساز پارٹی کی لیڈر آرادھنا مشرا عرف مونا، سابق کانگریس رکنِ پارلیمنٹ پی ایل پونیا، راکیش راٹھور، رکنِ پارلیمنٹ تنوج پونیا، اجول رمن سنگھ، کے ۔ ایل۔ شرما اور عمران مسعود موجود تھے ۔