حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے تلنگانہ پرجا فرنٹ کے نائب صدر کو کھمم سے گرفتار کرلیا۔ این آئی اے ذرائع نے بتایا کہ 41 سالہ این کرشنا ساکن حیدرآباد کو ضلع کھمم میں آج گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کرشنا نے تلنگانہ پرجا فرنٹ تنظیم کی آڑ میں ممنوعہ سی پی آئی ماویسٹ تنظیم کی مدد کی۔ ذرائع نے بتایا کہ 8 اکٹوبر 2019 میں حیدرآباد نلہ کنٹہ پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور بعد ازاں اس کیس کی تحقیقات این آئی اے کے حوالے کردی گئی تھی۔ تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا سے تعلق رکھنے والے بنڈاری مدیلیٹی کو گدوال پولیس نے پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا۔اس کیس میں این کرشنا بھی ملزم ہے اور ضلع کھمم میں اس کی موجودگی کی اطلاع پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔ این آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ پرجا فرنٹ اور تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا کے ارکان اس کی آڑ میں سی پی آئی ماویسٹ کیلئے کام کررہے تھے۔ اس کیس کی مزید تحقیقات جاری ہے۔