نائب صدر تلگودیشم علی مسقطی کی کانگریس میں شمولیت

   

پرانے شہر میں پارٹی کے استحکام کیلئے کام کرنے ملکارجن کھرگے کا مشورہ
حیدرآباد۔/17 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں کانگریس کے استحکام اور اقتدار میں واپسی کیلئے جدوجہد کریں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس کے دوران آج تلگودیشم اور بی آر ایس کے قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ تلنگانہ تلگودیشم کے ریاستی نائب صدر علی بن ابراہیم مسقطی نے تلگودیشم سے استعفی دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے ملکارجن کھرگے سے علی مسقطی کا تعارف کرایا جس پر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ وہ جناب ابراہیم مسقطی مرحوم کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے علی مسقطی کو مشورہ دیا کہ پرانے شہر میں کانگریس کے استحکام کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کام کریں۔ علی مسقطی نے ملکارجن کھرگے کی شال پوشی کی۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہر الدین، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار، سابق رکن پارلیمنٹ ٹی سرینواس ریڈی، رکن اسمبلی سریدھر بابو اور دیگر قائدین موجود تھے۔ محبوب نگر کے سابق رکن اسمبلی ایم سرینواس ریڈی، کھمم کے کارپوریٹر ڈی نگیش اور جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے اوپیندر ریڈی نے بھی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔