نائب صدر جمہوریہ الیکشن پر بی آر ایس سے موقف واضح کرنے کا مطالبہ

   

بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ مفاہمت، ڈاکٹر کے نارائنا اور سامباسیواراؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا اور ریاستی سکریٹری کے سامباسیوا راؤ نے بی آر ایس سے مطالبہ کیا کہ وہ نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات میں تائید پر موقف کی وضاحت کرے۔ سی پی آئی قائدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کو متنبہ کیا کہ وہ بی جے پی سے قربت حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ بی جے پی سے قربت میں بی آر ایس کا نقصان ہوگا۔ سی پی آئی قائدین نے بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی جے پی کے دباؤ کے تحت بی آر ایس نے ابھی تک نائب صدر جمہوریہ کے الیکشن میں موقف کا اعلان نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے مفاہمت کی صورت میں مستقبل میں بی آر ایس کو بھاری نقصان ہوگا۔ سی پی آئی قائدین نے بی آر ایس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں سے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لئے جسٹس سدرشن ریڈی کی تائید کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کو کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی شفافیت کے ساتھ جانچ کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اشارہ پر کام کرنے کے سبب سی بی آئی کا وقار عوام میں مجروح ہوا ہے۔ انہوں نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ علاقائی پارٹیوں کو بی جے پی سے قربت کے نتیجہ میں نقصان ہوا ہے۔ کئی علاقائی پارٹیاں زوال کا شکار ہوچکی ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے علاقائی پارٹیوں سے مفاہمت کی جاتی ہے اور پھر پارٹی سربراہ کے افراد خاندان کو بی جے پی میں شامل کیا جاتا ہے۔ جموں و کشمیر، ٹاملناڈو اور مہاراشٹرا میں بی جے پی نے سیاسی خاندانوں میں پھوٹ پیدا کردی ہے۔ شراب اسکام میں کویتا جیل جا چکی ہیں اور اب وہ بی آر ایس سے دور ہوچکی ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ جسٹس سدرشن ریڈی کی تائید نہ کرنے کے لئے بی جے پی کی جانب سے بی آر ایس پر دباؤ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کے بعد کویتا نے بھی کالیشورم پراجکٹ میں کرپشن کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ پر سی بی آئی سے تحقیقات کی خواہش کی ہے۔ سی بی آئی کا ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں ہے لہذا کالیشورم تحقیقات میں شفافیت کی ضرورت ہے۔ 1