نائب صدر جمہوریہ رادھا کرشنن کی ٹاملناڈو آمد

   

Ferty9 Clinic

چینائی،28 اکتوبر (یو این آئی) نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن ٹاملناڈوکے تین روزہ دورے پر منگل کے روز چینائی پہنچے ، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ کوئمبٹور میں تقریبات میں شرکت کے بعد نائب صدر جمہوریہ تروپور اور مدورئی بھی جائیں گے ۔ رادھا کرشنن وہاں مختلف تقریبات میں حصہ لیں گے اور رامناتھ پورم جائیں گے ، جہاں وہ مجاہد آزادی پاسمپون متھراملنگم کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ وہ 30 اکتوبر کو مدورئی سے نئی دہلی کیلئے روانہ ہونے سے پہلے رامناتھ پورم کے پسمپون میں تھیور کا درشن بھی کریں گے۔ نائب صدر بننے کے بعد پہلی با اپنے آبائی شہر کے پہلے دورے پر، بی جے پی کے سینئر لیڈروں اور پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر نینر ناگیندرن نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کی حلیف جماعت اے آئی اے ڈی ایم کے کے سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔ انہوں نے رادھا کرشنن کا گلدستے اور شال سے استقبال کیا۔ رادھا کرشنن نے بعد میں ہوائی اڈے سے نکلنے کے بعد پیدل روڈ شو کیا۔ بی جے پی نے لوک کلا اور رقص کی پرفارمنس کا اہتمام کیا، اور طلبہ اور اسکل ڈیولپمنٹ کونسل کے ممبران نے استقبالیہ تقریب کے ضمن میں یوگا کیا۔
رادھا کرشنن بعد میں ایک کار میں سوار ہوکر کوڈیسیا کیلئے روانہ ہوئے ، جہاں وہ کوئمبٹور سٹیزن فورم کے زیر اہتمام تقریب میں شرکت کریں گے ۔ وہ ٹاؤن ہال میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھائیں گے اور پیرور مٹھ میں شانتھالنگا راماسامی اڈیگلار کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کریں گے ۔ نائب صدر رادھا کرشنن بعد میں تروپور جائیں گے اور مجاہد آزادی کتھا کمارن اور مہاتما گاندھی کے مجسموں پر پھول چڑھائیں گے ۔ وہ تروپور کے چندرپورم میں سری پالائی مراٹھو آیان مندر بھی جائیں گے ۔ اس کے بعد وہ شام 6:00 بجے مدورئی جائیں گے اور دیوی میناکشی اماں مندر کا درشن کریں گے ، جہاں ان کے شام 6:20 سے 8:00 بجے تک قیام کرنے کی امید ہے ۔ وہ 30 اکتوبر کو رامناتھ پورم کے پاسمپون پہنچیں گے اور تھیور جینتی کی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔ بعد میں وہ مدورئی پہنچیں گے اور 11:55 بجے دہلی کیلئے روانہ ہوں گے ۔ پولس اور انتظامیہ نے ان کے دورے کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور ان اضلاع میں اگلے چار دنوں کیلئے ڈرون اور دیگر یو اے وی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے ۔