حیدرآباد۔/14مئی، ( سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے اپنے قدیم دوست اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کو فون کرتے ہوئے خیریت دریافت کی۔ ملک میں کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن نافذ ہے اور نائب صدر جمہوریہ روزانہ اپنے قریبی ساتھیوں کو فون کرتے ہوئے خیریت دریافت کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ جس وقت پردیش کانگریس کے صدر تھے اسی وقت وینکیا نائیڈو بی جے پی کے ریاستی صدر تھے۔ نائب صدر جمہوریہ نے ہنمنت راؤ سے ان کے افراد خاندان کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے مکمل احتیاط کرنے کا مشورہ دیا۔ ہنمنت راؤ نے جوابی خیرسگالی کے تحت وینکیا نائیڈو کی صحت اور درازی عمر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سابقہ تجربات اور سیاسی زندگی کے بارے میں دونوں میں دلچسپ بات چیت رہی۔