نئی دہلی: نائب صدر جگدیپ دھنکڑ ہند۔آسیان چوٹی کانفرنس اور مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے جمعہ کی صبح کمبوڈیا روانہ ہوگئے ۔ نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دھنکڑ کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔ اس سفر میں ان کی اہلیہ سدیش دھنکڑ بھی ان کے ساتھ ہیں۔ نائب صدر کے سکریٹریٹ سے جاری کردہ ایک ٹویٹ میں، دھنکڑ نے کہا کہ بھارت کی ’ایکٹ ایسٹ‘ پالیسی کو مضبوط بنانے کے لیے ہند۔آسیان یادگاری سمٹ اور 17ویں مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے کمبوڈیا کے نوم پنہ روانہ ہو رہے ہیں۔ تین روزہ دورے کے دوران دھنکڑ دونوں کانفرنسوں میں شرکت کریں گے اور کمبوڈیا کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے ۔ اس دوران دھنکڑ مختلف ممالک کے لیڈروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ دورے میں دھنکڑ کے ساتھ وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود ہوں گے ۔ دھنکڑ 11 سے 13 نومبر تک کمبوڈیا کے دورے پر ہوں گے ۔ اس دورے کے دوران وہ ہندوستان-آسیان یادگاری چوٹی کانفرنس اور نوم پنہ میں منعقد ہونے والی 17ویں مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔