نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کا ہلاکتوں پر اظہارِ رنج

   

نئی دہلی،3 نومبر (آئی اے این ایس) نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے جنوبی ریاست تلنگانہ کے رنگا ریڈی ضلع میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثے میں 20 افرادکی ہلاکت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ نائب صدر نے کہا کہ یہ سانحہ انتہائی دلخراش اور افسوسناک ہے اور انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ حادثہ حیدرآباد کے قریب مرزاگوڑہ چیوڑلہ منڈل میں اْس وقت پیش آیا جب کنکریٹ سے لدا ٹرک ایک آر ٹی سی بس سے ٹکراگیا۔ اس تصادم میں 20 افراد ہلاک اوردرجنوں افراد زخمی ہوئے۔ بس میں 72 مسافر موجود تھے جو تانڈور سے حیدرآباد آرہے تھے۔ ٹکر کے نتیجے میں کئی مسافر بس کے ملبے اور کنکریٹ میں دب گئے۔ ہلاک شدگان میں پانچ طالبات شامل ہیں جو کوٹھی ویمنز یونیورسٹی حیدرآباد میں زیر تعلیم تھیں۔ ان میں تانڈورکی تین بہنیں تنوشا، سائی پریا اور نندنی کے علاوہ مسکان بھی شامل ہیں۔ایک خاتون ٹیچر جیا سدھا شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کی گئیں۔