نائب صدر نیتی آیوگ کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

   

حیدرآباد۔2۔جنوری(سیاست نیوز) نائب صدرنشین نیتی آیوگ و رکن کے سرسوت نے سیکریٹریٹ پہنچ کر چیف منسٹر منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے ہمراہ ملاقات کی اور مختلف امور بالخصوص ریاست تلنگانہ میں طرز حکمرانی کے علاوہ ریاست کی معاشی صورتحال کے متعلق آگہی حاصل کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا۔چیف منسٹر سے نائب صدرنشین نیتی آیوگ کی ملاقات کے دوران ریاست کے معاشی امور کے علاوہ مختلف پراجکٹس کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کے موقف کے متعلق نائب صدرنشین نیتی آیوگ کو واقف کروایا گیا۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں برقی پیداوار‘ کالیشورم پراجکٹ‘ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے وائٹ پیپر کے متعلق بھی اس ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کیاگیا اور نیتی آیوگ کے ذمہ داروں کو ریاست کی حقیقی معاشی صورتحال اور تلنگانہ میں جاری پراجکٹس کے موقف کے متعلق واقف کرواتے ہوئے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیئے جانے کے متعلق مرکزی حکومت سے کی گئی نمائندگی سے واقف کروایا گیاہے۔3