نائب صدر کی پارلیمنٹ میں تعطل ختم کرنے کی اپیل

   

نئی دہلی ۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے منگل کو حکمراں جماعت اور اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ میں تعطل کو ختم کریں۔ راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق آج ایوان کی کارروائی پہلی بار صفر کے دوران ملتوی ہونے کے بعد چیئرمین نے ایوان میں اپوزیشن لیڈر ملیکارجن کھرگے سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے پارلیمنٹ میں تعطل ختم کرنے کی اپیل کی۔ چیئرمین نے کل ایوان کے لیڈر پیوش گوئل ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور پارلیمانی امور کے وزیر پرلہاد جوشی سے بھی ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں برقرار تعطل پر تبادلہ خیال کیا۔

نائب صدر جمہوریہ سے کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ کی ملاقات
نئی دہلی۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو سے منگل کے روز کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ بسوراج بومئی نے خیرسگالی ملاقات کی۔ آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے کہا کہ بسوراج بومئی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں راجیہ سبھا کے چیئرمین کے دفتر میں نائیڈو سے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نائب صدر جمہوریہ کے ساتھ بومئی کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ یہ دونوں لیڈروں کے درمیان ایک خیر سگالی ملاقات تھی۔