21 اگست تک نامزدگی داخل کر نے کی سہولت ‘9ستمبر کو ووٹنگ
نئی دہلی۔7؍اگست ( ایجنسیز) ہندوستان کے اگلے نائب صدر کے انتخاب کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ انتخابی کمیشن نے 9 ستمبر کو ہونے والے انتخاب کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے ساتھ ہی نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار 21 اگست تک اپنی نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔ دستاویزات کی جانچ 22 اگست کو کی جائے گی جبکہ نام واپس لینے کی آخری تاریخ 25 اگست مقرر کی گئی ہے۔یہ انتخاب اس وقت ناگزیر ہو گیا جب موجودہ نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے اچانک صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے 21 جولائی کو استعفیٰ دے دیا۔ ان کی مدت کار اگست 2027 میں ختم ہونی تھی تاہم اب ان کے استعفیٰ کے بعد یہ عہدہ خالی ہو گیا ہے۔آئینی دفعات کے مطابق، اگر نائب صدر کا عہدہ وسط مدتی خالی ہو جائے تو ہونے والے انتخاب میں کامیاب امیدوار کو پانچ سال کی مکمل مدت ملتی ہے۔نائب صدر کے عہدے کیلئے امیدوار کو کچھ بنیادی شرائط پر پورا اترنا ضروری ہے۔ امیدوار کا ہندوستانی شہری ہونا، کم از کم 35 سال کی عمر مکمل کر چکا ہونا اور راجیہ سبھا کا رکن منتخب ہونے کی اہلیت رکھنا لازمی ہے۔