نائب صدر کے بارے میں کوئی معلومات نہیں : سنجے راوت

   

ممبئی/نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ہندوستان کے سابق نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کے بارے میں کوئی معلومات نہ ملنے پر سوال اٹھائے ہیں اور اسے ہندوستان جیسے جمہوری ملک کے لئے غلط قرار دیا ہے ۔شیو سینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت دھنکھڑ کے بارے میں معلومات چھپاتی رہی تو انڈیا الائنس حبس بیجا کے تحت سپریم کورٹ میں جانے پر غور کرے گا۔ راوت نے ‘‘ناپسندیدہ’’ لیڈروں کو خاموش کرانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ، اس کا موازنہ چین اور روس جیسے ممالک میں دیکھنے میں آنے والی مثالوں سے کیا۔ انہوں نے سوال کیا‘‘کیا ہندوستان نے بھی ایسی حکمت عملی اپنانا شروع کر دی ہے ؟ جگدیپ دھنکھڑ کہاں ہیں؟ وہ کس کے ساتھ ہیں؟ ان کی صحت کیسی ہے ؟ لگتا ہے کہ کسی کو ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے ۔’’ راوت کا یہ تبصرہ دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس کے دوران آیا، جہاں انہوں نے کہا کہ دھنکھڑ استعفیٰ دینے کے بعد سے کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے دہلی کے دورے کے دوران شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا تھا۔ایک اور بیان میں راوت نے کبوتر کو دانہ کھلانے کی جگہوں کی بند کئے جانے پر ممبئی میں حالیہ کشیدگی پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جین برادری کی خواتین ہاتھوں میں چاقو لے کر احتجاج کر رہی ہیں، جو کہ روایتی طور پر عدم تشدد کیلئے مشہور کمیونٹی کیلئے ایک انتہائی تشویشناک منظر ہے ۔