واشنگٹن : امریکی امور دفاع پنٹگان کی نائب ترجمان صابرینہ سنگھ نے کہا ہے کہ نائیجر امریکہ کا ایک اتحادی ملک ہے جہاں ہم نے کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے جسے فوجی مداخلت کے ذریعے ختم کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ نائب ترجمان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ نائجر کی صورتحال پر ہم غور کر رہے ہیں ،امریکی امور خارجہ،پنٹگان اور دیگر اعلی حکام اس بحران کے پر امن تصفیہ کیلئے بھی کوشاں ہیں، نائجر خطے میں ہمارا اہم اتحادی ملک ہے لہذا امریکہ اس مسئلے کا پر امن حل چاہتا ہے۔ صابرینہ سنگھ نے مزید کہا کہ خطے میں امریکی مفادات اورکروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری پائی جاتی ہے جن کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ دوسری جانب امریکی امور خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے بتایا کہ نائجر کے لیے نامزد نئی سفیر کیتھلین فیٹزگیبن جلد ہی روانہ ہونگی لیکن یہ اقدام ہمارے موقف میں کسی تبدیلی کا عندیہ نہیں ہے۔ یادرہے کہ نائجر میں صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ فوج نے گزشتہ ماہ الٹتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔صدر بازوم اس وقت اپنی رہائش گاہ پرنظر بند ہیں جنہیں صرف بذریعہ ٹیلیفون ہی رابطے کی اجازت ہے۔