نائجیریا: مسلح افراد کے حملے، 90 سے زائد ہلاک

   

ابوجا : نائجیریا کے میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک کے شمال مغربی علاقے میں مسلح حملہ آوروں نے 90 سے زیادہ افراد کو رات کے وقت کیے گئے حملوں میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ان حملوں کے تناظر میں ریاستی گورنر نے مقامی باشندوں سے کہا ہے کہ وہ حملہ آوروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور انہیں منہ توڑ جواب دیں۔ حالیہ مہینوں میں مسلح حملہ آور شمال مغربی نائجیریا کے متعدد علاقوں میں اپنے خونریز حملے تیز کر چکے ہیں۔ اس وجہ سے ہزاروں مقامی باشندے اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے اور ان میں سے بہت سے ہمسایہ ریاست نائجر منتقل ہو چکے ہیں۔ شمال مغربی اور وسطی نائجیریا میں سکیورٹی کی صورت حال اس وقت بہت خراب ہے۔