نائجیریا میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 18 افراد ہلاک

   

نائجیریا ۔ 17ا پریل (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا میں سکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کے خلاف جاری لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 18 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ نائجیریا میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کے مطابق یہ سکیورٹی اہلکار لاک ڈاؤن کی ہدایات پر عمل درآمد کرا رہے تھے۔ نائجریا میں لاگوس اور ابوجا میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

سلامتی کونسل میں شام کی مذمت
نیویارک ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں برطانیہ، ایسٹونیا اور جرمنی نے شامی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ استعمال کی مذمت کی ہے ۔ حال ہی میں کیمیائی ہتھیاروں کی تخفیف کے عالمی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ 2017 میں شمالی شام میں دمشق حکومت نے اپنے حملوں میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
آٹھ اپریل کو جاری ہونے والی اس رپورٹ میں شامی فوج پر براہ راست الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے سارین اور کلورین گیسوں کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنایا۔ اس معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا، جب کہ رکن ممالک میں سے برطانیہ، ایسٹونیا اور جرمنی نے اپنی تقاریر پبلک کرنے کا اعلان کیا۔