مغربی افریقہ کے ملک نائیجیریا میں 2 ماہ کے دوران مسلح افراد کی طرف سے اغوا کی گئی 100 خواتین اور بچوں کو رہا کروا لیا گیا ہے۔ملک کے شمالی صوبے زامفارا کے پولیس ڈائریکٹر ایّوب الکانا نے ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں 2 ماہ کے دوران اغوا کئے گئے تقریباً 100 خواتین اور بچوں کو رہا کروا لیا گیا ہے۔ مغوی غذائی کمی اور پھٹے ہوئے لباس کی وجہ سے نڈھال دکھائی دے رہے تھے۔الکانا نے کہا ہے کہ بازیاب کروائے گئے مغویوں میں سے 19 شیر خوار اور 21 اسکول جانے کی عمر کے بچے شامل ہیں۔ صوبہ کاتسینا کے علاقے باکورا سے 31 دسمبر کو اغوا کئے گئے طالبعلموں میں سے 21 کو کل رہا کروانے کا اعلان کیا گیا تھا۔