ابوجا /17 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر میڈوگوری میں شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے حملے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی سویلین ملیشیا کے ایک رہنما نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ حملہ جمعے کو رات گئے کیا گیا۔ اس سے قبل بوکوحرام نے ایک کارروائی کے ذریعے میڈوگوری کے شمال میں فوجی اڈے پر قبضہ کر لیا تھا اور وہاں سے عسکری گاڑیاں اور دیگر فوجی ساز سامان لوٹنے کے بعد اس اڈے کی عمارت کو آگ لگا دی تھی۔ خبر رساں ادارے نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد کئی فوجی تاحال لاپتا ہیں۔ دوسری جانب مسلح افراد نے 2 مختلف برادریوں کی آبادی پر حملہ کرکے 66 افراد کو قتل اور 20 کو زخمی کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلح افراد نے شمال مشرقی علاقے میں 2 برادریوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 22 بچوں اور 12 خواتین سمیت 66 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ متاثرہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی بھری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسند حملہ آوروں کا مقصد ملک میں انارکی پھیلانا اور عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا تھا تاکہ انتخابات میں رکاوٹیں ڈالی جاسکیں۔