لاگوس : افریقی ملک نائیجیریا کے مرکزی شہر لاگوس میں پولیس کی جانب سے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکت کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا اور مشتعل افراد نے کئی عمارتوں کو آگ لگا دی۔عینی شاہدین نے کہا کہ پولیسی کے مظالم اور سماجی شکایات کے باعث ہونے والے مظاہروں کو ختم کرنے کیلئے کرفیو نافذ کیے جانے کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ایک ہزار سے زائد افراد کے ہجوم پر فائرنگ کردی۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ’ہم پرامن طور پر بیٹھے ہوئے تھے کہ انہوں نے لائٹیں اور بل بورڈز بند کر دیے جس کے بعد ہر کسی نے چیخنا شروع کردیا‘۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وہ ہماری طرف آئے اور فائرنگ شروع کردی جس کے بعد ہر کوئی اپنی جان بچانے کیلئے بھاگا۔سوشل میڈیا پر فائرنگ کے بعد کی شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں ہر طرف افراتفری دیکھی گئی۔پولیس کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کے واقعے کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی جبکہ نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری نے عوام سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی۔
