نائیجیریا میں اسکولی عمارت منہدم‘ 22 طلبہ ہلاک‘ زائد از100 زخمی

,

   

ابوجا: نائجیریا کی ریاست پلاٹو میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے سے 22 طلبہ ہلاک ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق حادثہ جمعہ کی صبح اسکولی اوقات میں پیش آیا اور حادثے کے وقت اسکول میں تقریباً ایک ہزار طلبہ موجود تھے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہیکہ عمارت گرنے کے بعد 154 طلبہ ملبے تلے دب گئے جن میں سے 132 طلبہ کو ملبے سے نکالا گیا۔ ریسکیو حکام نے 22 طلبہ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔حکام کے مطابق عمارت گرنے سے 130 طلبہ زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہیکہ اسکول کی عمارت 2 منزلہ تھی جس کے گرنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے کلاس روم میں تعلیم حاصل کررہے تھے۔ راحت اور بچاؤ ٹیموں نے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں تاکہ ملبے کے نیچے دبے طلباء کو نکالا جا سکے۔حادثے کا شکار ہونے والوں میں 15 سال سے کم عمر کے طالب علم بھی شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ اسکول کی عمارت کی کمزور ساخت اور دریا کے کنارے واقع ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔حکومت نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ خستہ حال اسکولوں کی فوری نشاندہی کریں اور انہیں بند کر دیں۔ افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا میں عمارتیں گرنا معمول بن گیا ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں اس طرح کے ایک درجن سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔