ابوجا، 31 مئی (یو این آئی) نائیجیریا میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی، سینکڑوں مکانات تباہ ہوگئے جبکہ مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ۔ میڈیاکے مطابق وسطی نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردی اور کم از کم 115 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ رپورٹ کے مطابق یہ ہولناک سیلاب چہارشنبہ کی رات سے جمعرات کی صبح تک ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث آیا، جس نے ریاست نائیجر کے کنارے واقع شہر موکوا اور آس پاس کے علاقوں میں تباہی مچائی۔نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ اب تک 115 نعشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔مزید نعشیں ملنے کا امکان ہے کیونکہ کافی افراد دریائے نائیجر میں بہہ گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ کچھ نعشیں تباہ شدہ گھروں کے ملبے سے نکالی گئیں، امدادی ٹیموں کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔مقامی رہائشی بھی ملبے میں اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے نظر آئے جبکہ سیلابی پانی ہنوز کئی علاقوں میں بھرا ہوا ہے ۔