مسلح شخص کی فائرنگ اور دھماکہ کے مہلوکین میں بچے بھی شامل
ابوجا: نائیجیریا میں چرچ میں ہونے والے حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوب مغربی نائیجیریا کے سینٹ فرانسس کیتھولک چرچ میں فائرنگ اور دھماکہ اتوار کے روز ہوا جس میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے جب کہ مرنے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ اتوار کے روز ریاست اوندو کے چرچ میں عبادت گزاروں کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اس دوران مسلح شخص نے فائرنگ کی جس کے بعد زور دار دھماکہ بھی کیا گیا۔اوندو کے گورنر نے حملے میں 50 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے دشمنوں کی جانب سے ہمارے امن اور اتحاد پر حملہ کیا گیا ہے۔ریاست اوندو کے مقامی اسپتال کے ڈاکٹرز کے مطابق اسپتال میں اب تک 40 سے زائد نعشیں لائی جاچکی ہیں تاہم سرکاری حکام کی جانب سے اب تک سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چرچ پر حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔