نائیجیریا کے آرمی چیف فضائی حادثے میں ہلاک

   

ابوجا ۔ نائیجیریا کے آرمی چیف ابراہیم عطاہرو فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بوکوحرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کے مارے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ حکام کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ خراب موسم تھی۔ فوجی سربراہ اور دیگر افسران نائجیریا کی کاڈونا ریاست کا دورہ کر کے جمعہ کی شام واپس دارالحکومت ابوجا لوٹ رہے تھے۔ابراہم عطاہرو کو رواں برس جنوری میں چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔ ملکی صدر نے رواں برس کے اوائل میں فوج میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں جن کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف قریب ایک دہائی سے جاری جنگسے بہتر انداز میں نبرد آزما ہونا تھا۔فوجی سربراہ کی ہلاکت ایسے وقت ہوئی ہے جب نائیجیریا میں بوکوحرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کی ممکنہ ہلاکت کی خبریں گردش میں ہیں۔ خفیہ اداروں کے مطابق بوکو حرام کا سربراہ داعش سے اتحادی ایک دوسرے جہادی گروپ کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران ممکنہ طور پر ہلاک ہو چکا ہے۔ فوج کے ترجمان نے ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں بتایا کہ طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں فوج کے دیگر دس افسران اور طیارے کا عملہ بھی ہلاک ہوا ہے۔ فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے باعث فوجی طیارہ واپس کاڈونا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کی تیاری کر رہا تھا اور اس دوران جہاز حادثے کا شکار ہو گیا۔