نئی دہلی۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو اور ان کے اہل خانہ نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپے کا چندہ دیا ہے ۔نائب صدر کے دفتر نے چہارشنبہ یہاں بتایا کہ نائیڈو نے اپنے اہل خانہ سے 10 لاکھ روپے جمع کیے ہیں، جس میں سے اجودھیا میں رام مندر بنانے کیلئے 5 لاکھ روپے دیے ہیں اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم کیئرس فنڈ کو 5 لاکھ روپے دیئے ہیں۔ نائیڈو کی اہلیہ اوشما نائیڈو نے یہ رقم افراد خانہ کی شراکت سے جمع کی ہے ۔ نائیڈو نے وزیر اعظم کیئرس فنڈ میں 5 لاکھ روپے کا چیک رام جنم بھومی ٹرسٹ کو بھجوایا ہے ۔نائیڈو نے مارچ میں وزیر اعظم کیئرس فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دی تھی۔ اس کے علاوہ وہ اپنی تنخواہ کا 30% حصہ بھی وزیر اعظم کیئرس فنڈ میں دے رہے ہیں۔
