سیکوریٹی حکام نے پٹریوں سے چیف منسٹر و عہدیداروں کو ہٹادیا
حیدرآباد ۔5۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو کے وجئے واڑہ میں متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر حادثہ اس وقت ٹل گیا جب اچانک ٹرین گزرنے لگی۔ سیکوریٹی حکام نے فوری چوکسی اختیارکرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو اور دیگر افراد کو ریلوے پٹریوں سے ہٹادیا۔ چیف منسٹر وجئے واڑہ کے مدھورا نگر علاقہ میں بارش سے متاثرہ مقامات کا دورہ کر رہے تھے۔ یہ علاقہ ریلوے پٹریوں سے متصل ہے اور چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں کے ساتھ ریلوے پٹریوں سے گزرتے ہوئے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریلوے پٹریوں سے متصل نالہ کا معائنہ کیا۔ چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ عہدیداروں اور پارٹی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی جو ریلوے پٹریوں پر کھڑے ہوئے تھے۔ دورہ کے موقع پر اچانک ٹرین آ پہنچی۔ سیکوریٹی حکام نے چندرا بابو نائیڈو کو ریلوے پٹری سے قریب پلیٹ فارم پر منتقل کردیا اور پٹریوں پر موجود افراد کو بھی ہٹا دیا گیا۔ سیکوریٹی حکام کی بروقت چوکسی سے ایک بڑاحادثہ ٹل گیا۔ 1