نائیک کمپنی کے اشتہار میںسرینا ولیمس جارحانہ انداز میں

   

نیویارک ۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام )کھیل کی دنیا میں خواتین تیزی سے آگے بڑھنے کے ساتھ مردوں کا مقابلہ کررہی ہیں، تاہم یہ سفر یقیناً ان کے لیے کبھی آسان نہیں رہا اور یہی اسپورٹس مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی نائیک کے ایک نئے اشتہار میں دکھایا گیا۔اس اشتہار کا آغاز ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز کی آواز سے ہوتا ہے، وہ کہتی ہیں کہ جب ایک خاتون مضبوط ہوتی ہے تو لوگ اسے خطرناک قرار دیتے ہیں، جب وہ آپ کے خراب رویے کو برداشت نہیں کرتی تو اسے جنونی کہہ دیا جاتا ہے۔ نائیک کے اس اشتہار میں سرینا ولیمز نے ہر اس خاتون کو جسے لوگ جنونی کہتے ہیں یہ پیغام دیا کہ ’اگر وہ آپ کو جنونی کہتے ہیں، تو پھر ان کو دکھائیں کہ جنون ہوتا کیا ہے۔اس اشتہار میں صنفی تفریق کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے۔ اشتہار میں متعدد کھلاڑی خواتین کو دکھاتے ہوئے سرینا ولیمز نے کہا کہ اگر ہم اپنے جذبات ظاہرکریں تو ہم پر ڈرامائی ہونے کا الزام لگادیا جاتا ہے، اگر ہم مردوں کے مدمقابل کھیلنا چاہتے ہیں تو ہمیں بیوقوف سمجھا جاتا ہے، اگر ہم برابر مواقع ملنے کی بات کریں تو اسے فرضی کہا جاتا ہے۔ اگر ہم بہت اچھے ہوں تو بھی یہ سوال کیا جاتا ہے کہ ہم میں کچھ مسئلہ ہے، اگر ہمیں غصہ آتا ہے تو نامعقول یا جنونی کہہ دیا جاتا ہے، تو اگر وہ ہمیں جنونی کہتے ہیں تو انہیں دکھا دوکہ جنونی کیا ہوتا ہے۔ اس اشتہار میں سرینا ولیمز کے ساتھ متعدد کھلاڑی خواتین شامل ہیں جن میں جمناسٹک کی ماہر سیمون بایلز، شمشیر باز ابتہاج محمد اور امریکی خواتین نیشنل ساکر ٹیم ہے۔