ٹی آر ایس کے مقابلہ میں کوئی پارٹی نہیں، کملاپور میں بڑی بائیک ریالی میں شرکت
حیدرآباد۔13 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے حضور آباد اسمبلی حلقہ میں پارٹی کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ وہ حضور آباد حلقہ میں قیام کرتے ہوئے روزانہ مختلف پروگراموں میں شرکت کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ آج ایک بڑی موٹر سیکل ریالی کے ذریعہ کملا پور منڈل پہنچے اور جلسہ عام سے خطاب کیا ۔ بائیک ریالی میں سینکڑوں کی تعداد میں موٹر سیکل سوار پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔ ہریش راؤ نے خود بلٹ گاڑی چلاتے ہوئے بائیک ریالی کی قیادت کی ۔ کملاپور پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور کارکنوں نے زبردست آتشبازی کی ۔ ہریش راؤ نے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور آباد میں ٹی آر ایس امیدوار جی سرینواس کی کامیابی طئے ہوچکی ہے، صرف انہیں حاصل ہونے والی اکثریت میں اضافہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کو عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ تلنگانہ کے لئے بی جے پی نے کچھ نہیں کیا ۔ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی بی جے پی پر عوام بھروسہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن یہ فیکٹری لاتور منتقل کردی گئی۔ مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد عوامی شعبہ کے اداروں کو فروخت کیاجارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی قائد ایٹالہ راجندر مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے اپنے خلاف ناانصافی کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ راجندر کے آبائی گاؤں میں چیف منسٹر نے چار ہزار ڈبل بیڈروم مکانات کی منظوری دی تھی لیکن ایک بھی مکان تعمیر نہیں کیا گیا ۔ ٹی آر ایس پارٹی میں چیف منسٹر کا عہدہ چھوڑ کر راجندر کو تمام اہم عہدے دیئے گئے ۔ ایٹالہ راجندر کا رویہ اپنی ماں سے غداری کی طرح ہے۔ حضور آباد میں ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے جی سرینواس کی کامیابی ضروری ہے۔ ریاست کے عوام کی نظریں حضور آباد پر ہے لہذا رائے دہندوں کو انتہائی سوجھ بوجھ کے ساتھ ووٹ کا استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا مقابلہ کسی بھی پارٹی سے نہیں ہے۔ قبل ازیں ہریش راؤ نے ہینڈلوم ویورس سوسائٹی کے استفادہ کنندگان میں اثاثہ جات تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ بافندوں کی جانب سے جو رقم جمع کی گئی جائے گی ، حکومت اس کی دوگنی رقم ادا کرے گی ۔ انہوں نے بافندوں کی بھلائی کیلئے 30 کروڑ کی منظوری کا تیقن دیا ۔ حکومت نے ابھی تک 70 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جی کملاکر کے علاوہ ایل رمنا اور پدی ریڈی موجود تھے۔R