نابالغ سے شادی برأت کی بنیاد نہیں: بمبئی ہائیکورٹ

   

ممبئی :/30 ستمبر (ایجنسیز) بمبئی ہائی کورٹ نے ایک 29 سالہ شخص کے خلاف عصمت دری اور پاکسو ایکٹ کے تحت درج مقدمہ خارج کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نابالغ لڑکی سے شادی یا اس کے ساتھ بچے کی پیدائش ملزم کو بری کرنے کی بنیاد نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے کہا کہ پوکسوایکٹ کے تحت نابالغ کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق جرم ہے اور اس میں رضامندی غیر متعلقہ ہے۔ 26 ستمبر کو جسٹس ارمیلا جوشی فالکے اور جسٹس نندیش دیشپانڈے پر مشتمل بنچ نے کہا کہ متاثرہ کی عمر شادی کے وقت 17 برس تھی اور مئی 2025 میں بچے کو جنم دیتے وقت بھی وہ 18 برس کی نہیں ہوئی تھی۔ عدالت نے یہ دلیل مسترد کر دی کہ تعلقات باہمی رضامندی سے تھے اور شادی متاثرہ کے 18 برس کی ہونے کے بعد رجسٹر ہوئی۔اکولہ پولیس نے جولائی 2025 میں ایف آئی آر درج کی تھی جس میں قوانین کی مختلف دفعات شامل تھیں۔ متاثرہ نے عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ اسے ایف آئی آر خارج کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم عدالت نے یہ موقف تسلیم نہیں کیا۔