نابالغ لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے معاملے کی پارلیمنٹ میںگونج

   

نئی دہلی : قومی راجدھانی دہلی کے موہن گارڈن علاقے میں ایک نابالغ لڑکی پر تیزاب پھینکنے کا معاملہ آج لوک سبھا میں اٹھایا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تیزاب کی کھلے عام فروخت پر سختی کے ساتھ مکمل پابندی عائد کی جائے ۔ لوک سبھا میں بیجو جنتا دل کے بھرتری ہری مہتاب نے وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ دہلی میں ایک نابالغ بچی پر تیزاب پھینکنے کا پرتشدد واقعہ منظر عام پر آیا ہے ، جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ متاثرہ لڑکی اسکول جارہی تھی تبھی اس پر تیزاب پھینک دیا گیا اور یہ تیزاب بازار سے خریدا گیا۔ لڑکی کے چہرے پر تیزاب پھینکا گیا ہے اور وہ صفدر جنگ اسپتال میں داخل ہے ۔ مسٹر مہتاب نے کہا کہ اس واقعے کے حوالے سے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جب سپریم کورٹ نے تیزاب کی کھلے عام فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے تو کھلے بازار سے تیزاب کیسے منگوایا گیا اور کھلے بازار میں اسے کون لوگ فروخت کر رہے ہیں۔ حملہ آور نے یہ تیزاب بھی بازار سے خریدا تھا۔