نابالغ کی عصمت دری کرنے والا نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد،21 ۔ نومبر ( یو این آئی) نابالغ لڑکی کی عصمت دری پر ایک نوجوان کو گرفتار کرلیاگیا۔یہ واقعہ اے پی کے ضلع مشرقی گوداوری کے گولاپرولا منڈل میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ایم اپلاراجو نامی شخص نے 17سالہ لڑکی کی تصاویر اور ویڈیوز نہانے کے دوران لی تھی۔اس نے بعد ازاں لڑکی کو ہراساں کرنا شروع کردیا اور دھمکی دی کہ وہ اگر اس کی بات نہیں مانے گی تو اس کی تصاویر اور ویڈیوز کو آن لائن کردے گا۔راجو نے اس لڑکی کی تقریبا دو سال تک عصمت دری کی اور حال ہی میں یہ لڑکی حاملہ ہوگئی۔لڑکی کے والدین جو اس بات سے ناواقف تھے نے دوسرے شخص کے ساتھ اس کی شادی کردی۔شادی کے بعد اس کے سسرالی رشتہ داروں کو لڑکی کے بارے میں تمام باتیں معلوم ہوئی جس کے بعد اس کو معائنہ کے لئے ڈاکٹر سے رجوع کیاگیا۔طبی جانچ میں پتہ چلا کہ لڑکی چارماہ کی حاملہ ہے ۔اس بات پر سسرالی رشتہ داروں نے لڑکی کو اس کے مائیکے بھیج دیا۔جب لڑکی کے والدین نے اس کی وجہ جاننی چاہی تو لڑکی نے کیڑے ماردوا پی لی۔اس کو علاج کے لئے فوری طورپر اسپتال منتقل کیاگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے لڑکی کا بیان قلمبند کیا۔ لڑکی نے پولیس کو ساراماجرا کہہ سنایا۔ پولیس نے اس واقعہ کے بعد مفرور نوجوان کو گرفتار کرلیا۔