مقبوضہ بیت المقدس ۔ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں فلسطینیوں کی جانب سے مزاحمت میں شدت آگئی اور انہوں نے اسرائیلی فوج اور آبادکاروں پر پٹرول بم حملے شروع کردیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق فلسطینیوں نے یہودی آباد کاروں کی گاڑی پر پٹرول بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کو کو نقصان پہنچا ، تاہم کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مزاحمت کاروں نے تفوح اور مجدالیم یہودی کالونیوں کے قریب آباد کاروں کے گاڑیوں پر سنگ باری کی۔ اس دوران اسرائیلی فوج کے ساتھ مختلف مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔ قابض فوج نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس برسا کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی ہلال احمر کے مطابق جھڑپوں کے دوران 20 شہری زخمی ہوئے جن میں سے 4 ربڑ کی گولیوں سے زخمی ہوئے۔