نابینا بچوں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آلات موسیقی حوالہ کئے

   

ریاستی وزراء کے ہمراہ چیف منسٹر سے ملاقات، گیتوں پر مبنی سی ڈی کی اجرائی
حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کریم نگر سے تعلق رکھنے والے نابینا بچوں نے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے آلات موسیقی فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار کے ہمراہ کریم نگر سے تعلق رکھنے والے نابینا بچوں نے آج ریونت ریڈی سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ کریم نگر ڈسٹرکٹ ویلفیر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نابینا طلبہ کو موسیقی آلات فراہم کئے گئے جس کا اُنھوں نے چیف منسٹر کے روبرو مظاہرہ کیا۔ طلبہ نے تلنگانہ کا گیت گاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اِس موقع پر چیف منسٹر نے نابینا طلبہ کی جانب سے گائے گئے مختلف گیتوں پر مشتمل سی ڈی جاری کی۔ چیف منسٹر نے طلبہ سے بات چیت کی اور اُنھیں حوصلہ دلایا کہ وہ بینائی سے محرومی پر نااُمیدی اور مایوسی کا شکار نہ ہوں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت نابینا اور دیگر معذورین کی بھلائی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ نابینا طلبہ کے انسٹرکٹرس نے چیف منسٹر کو میوزیکل آلات کے استعمال کے ذریعہ طلبہ میں صلاحیتوں میں اضافہ سے واقف کرایا۔ اِس موقع پر میئر گریٹر حیدرآباد وجیہ لکشمی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، چیف منسٹر کے او ایس ڈی وی سرینواس راؤ، ضلع کلکٹر کریم نگر پی ستپتی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1