بی جے پی گجرات کی کانگریس دہلی کی غلام، تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس کی ہائی کمان : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کے خلاف سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی بھون میں ناتھورام گوڈسے داخل ہوگیا ہے۔ یہ میں نہیں کہہ رہا ہوں بلکہ کانگریس کے سینئر قائد سابق چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے ہی ریونت ریڈی کو آر ایس ایس قائد قرار دیا ہے۔ کے ٹی آر نے آج ہائی ٹیکس پہنچ کر ٹی آر ایس پلینری کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی اور بی جے پی قائد ایٹالہ راجندر نے گولکنڈہ ریسورٹس میں خفیہ ملاقات کی ہے۔ اگر دونوں قائدین کی جانب سے اس کی تردید کی جاتی ہے تو وہ تصاویر کے علاوہ دوسرے شواہد پیش کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جس طرح کریم نگر اور نظام آباد لوک سبھا حلقوں کے انتخابات سے کانگریس راہ فرار اختیار کی تھی اسی طرح حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات سے کانگریس راہ فرار اختیار کرچکی ہے۔ حضورآباد میں ایٹالہ راجندر بی جے پی اور کانگریس کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ وزیر بلدی نظم و نسق بی ایس پی کے قائد پروین کمار اور وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بی جے پی کے اشارے پر کام کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ان دونوں نے کبھی بی جے پی اور کانگریس کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔ صرف ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کو ہی تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ن
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کتنا بھی سازش کرلیں حضورآباد میں ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس یادو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ کانگریس پارٹی اپنی ضمانت نہیں بچا پائے گی۔ کے ٹی آر نے کانگریس کو دہلی کا اور بی جے پی کو گجرات غلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ہائی کمان تلنگانہ کے عوام ہیں۔ ن