باندہ اچیہ (انڈونیشیاء) ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے قدامت پسند صوبہ اچیہ میں چھ جوڑوں کو ناجائز جسمانی تعلقات رکھنے (بغیر شادی کے) کی پاداش میں برسرعام کوڑے مارنے کی سزاء دی گئی۔ باندہ اچیہ میں شرعی قوانین کا نفاذ ہے اور جوے، شراب نوشی اور ہم جنس پرستی میں ملوث پائے جانے والوں کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔ مذکورہ بالا 12 افراد کو ایک ہوٹل پر کئے گئے دھاوے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اس وقت وہ تمام قابل اعتراض حالت میں تھے اور پوچھ گچھ کرنے پر پتہ چلا کہ انکا آپس میں کوئی رشتہ نہیں تھا۔ تمام خاطیوں کو 7 ، 17 اور 25 کوڑے مارے گئے جن میں سے دو خواتین کوڑے مارے جانے کے بعد اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے قابل بھی نہیں تھیں انہیں وہاں موجود شرعیہ افسران نے دوسرے مقام پر منتقل کیا۔ اس وقت وہاں سینکڑوں افراد جمع تھے جن میں صحافیوں کی بھی کثیر تعداد تھی۔ کچھ لوگ اپنے اسمارٹ فونس سے تصویرکشی کررہے تھے۔