نارائن پیٹ۔ نارائن پیٹ ضلع ایس پی دفتر میں عوامی دربار پر ( پرجا وانی ) پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف مقامات سے 3 عرضیاں داخل کی گئی جس کو ضلع ایس پی ڈاکٹر ایم چیتنا نے راست سماعت کی اور انہیں ہدایت کی کہ ان درخواستوں کو متعلقہ پولیس عہدیداروں سے پہلے رجوع کریں۔ کسی وجہ سے مسئلہ حل نہ ہونے پر وہ راست طور پر ان سے بھی ملاقات کرسکتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ پولیس عہدیداروں کو اس ہدایت کے ساتھ درخواستوں کو ان کے حوالے کیا کہ عوام جب مسائل کو لیکر پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوتے ہیں تو ان کی درخواستوں کو پوری طرح سماعت کرنے کے بعد اس مسئلہ کا فوری حل تلاش کریں یا پھر عدالت سے رجوع کریں۔ خواہ مخواہ کی درخواستوں کو زیر التواء نہ رکھیں۔ اس طرح پولیس پر عوام کا اعتماد اٹھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈلی پولیس کی طرح ان کے قریب رہیں اور ان کی مدد کیلئے ہمیشہ مستعد رہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پریشانی کی صورت میں ڈائیل 100 کو کال کریں یا پھر ان کے واٹس ایپ پر بھی اپنے مسائل کے لئے رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کے لئے بنائی گئی شی ٹیم کو بھی متحرک رہنے اور مقامی پولیس اسٹیشنوں میں بنائے گئے شکایات باکس سے بھی استفادہ کی اپیل کی۔